اجتماعِ ارکان میں ادارۂ تحقیق کی نئی مطبوعات کا اجرا
اجتماعِ ارکان میں ادارۂ تحقیق کی نئی مطبوعات کا اجرا
محمد رضی الاسلام ندوی
الحمد للہ آج 16 نومبر 2024 کو بعد نماز عصر 5 بجے 'ادراک' کے آڈیٹوریم میں ادارۂ تحقیق و تصنیف اسلامی کی حال میں منظرِ عام پر آنے والی پانچ نئی مطبوعات کا اجرا بہ دست جناب سید سعادت اللہ حسینی امیر جماعت اسلامی ہند ہوا - 'ادراک' جماعت کے اجتماعِ ارکان حیدرآباد میں ایک 'شو کیس'(اسٹالس کا مجموعہ) ہے ، جس کے ذریعے جماعت کی علمی و فکری ، سماجی ، دعوتی ، قانونی ، معاشی ، سیاسی اور دیگر خدمات کو دکھانے کی کوشش کی گئی ہے -
پروگرام کے کنوینر مولانا اشہد جمال ندوی سکریٹری ادارہ تھے - ان کے افتتاحی کلمات سے پروگرام کا آغاز ہوا - راقم نے ادارۂ تحقیق کی تاریخ اور خدمات پر اجمالاً روشنی ڈالی اور زیرِ اجرا کتابوں کا مختصر تعارف کرایا - امیر جماعت کے ذریعے کتابوں کی روٗنمائی کی گئی - انھوں نے اپنے صدارتی خطاب میں ادارہ کے ذریعے انجام پانے والے کاموں پر ستائش ظاہر کی - انھوں نے فرمایا کہ ادارۂ کا قیام جماعت اسلامی ہند کی تشکیل کے فوراً بعد اس لیے کیا گیا تھا کہ عصری مسائل پر اعلیٰ علمی تحقیقات سامنے آئیں ، اسلام پر کئے جانے والے اعتراضات کا مدلّل جواب دیا جائے اور تحریک اسلامی کی علمی و فکری ضروریات پوری ہوں - الحمد للہ ادارہ کا علمی سفر جاری ہے اور موجودہ دور کی دل چسپی کے اہم موضوعات پر معیاری کتابیں منظرِ عام پر آرہی ہیں - انھوں نے اجرا کی جانے والی کتابوں کے مصنفین اور ادارہ کے ذمے داروں کو مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ ادارہ کا علمی سفر یوں ہی تیزگامی سے جاری رہے گا -
جن کتابوں کا اجرا ہوا ان کے نام درج ذیل ہیں :
(1) تصور اقامت دین : تفہیم و تنقیح (اکابر تحریک اسلامی کے قیمتی مضامین کا مجموعہ) مرتب : محمد رضی الاسلام ندوی ، صدر ادارہ
(2) دینی مدارس کا نظام و نصاب : ایک تجزیاتی مطالعہ ، اشہد جمال ندوی سکریٹری ادارہ
(3) ظلم کے ازالے میں اسلام کا کردار، محمد جرجیس کریمی ، رکن ادارہ
(4) کسبِ معاش اور اسلام ، محمد انس فلاحی مدنی
(5) مکالمہ بین المذاہب : موجودہ صورت حال اور مطلوبہ موقف ، محمد صادر ندوی -